ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راشٹریہ لنگایت مورچہ نے بھی این پی آر کا بائیکاٹ کرنے کا کیا اعلان

راشٹریہ لنگایت مورچہ نے بھی این پی آر کا بائیکاٹ کرنے کا کیا اعلان

Tue, 17 Mar 2020 19:20:36    S.O. News Service

بھٹکل  17/مارچ(ایس او نیوز) بسویشورکو ماننے والے لنگایت طبقے کے مرکزی محاذ ’راشٹریہ لنگایت مورچہ‘ نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے امسال شرو ع ہونے والے این پی آر کے لئے کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہ کی جائیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق راشٹریہ  لنگایت موچہ کے قومی صدرکونیشور اپّا سوامی اورکرناٹکا یونٹ کے انچارج کنوینر شیوراج جی ارکیری کی جانب سے جاری کردہ اخباری بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق 10سال میں ایک مرتبہ مردم شماری ہوتی ہے اس لئے اپریل 2021میں اگلی مردم شماری ہونی چاہیے۔ لیکن مرکزی حکومت امسال اپریل سے نیشنل پاپولیشن رجسٹر کے نام سے لوگوں کے اعداد وشماراور تفصیلات جمع کرنے کی کارروائی کرنے جارہی ہے۔ آخر اس کی ضرورت کیا ہے، اور اس کے پیچھے کیا سازش کارفرما ہے، اس بارے میں ہم سب کو سوچنا چاہیے۔کیونکہ این پی آر کے تحت مردم شماری کے سوالات سے ہٹ کر بھی کچھ سوالات کیے جائیں گے۔اس کے لئے جس طرح کے دستاویزات کی ضرورت ہوگی وہ سرکاری یا غیر سرکاری دستاویزات غریب لنگایت طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کے پاس نہیں ہونگے۔جبکہ انہی دستاویزات کی بنیاد پر حکومت عوام کی شہریت قبول کرنے والی ہے اور یہ دستاویزات فراہم نہ کرنے پر ’ڈی‘ گروپ یعنی مشکوک شہری بنادیاجائے گا۔اور پھر شہریت ثابت کرنے تک حراستی کیمپ میں رکھا جائے گا۔

شیوراج کے مطابق اس قانون کے سنگین نتائج کو ذہن میں رکھ کر ملک کی اقلیتوں نے این پی آر کا بائیکاٹ کرنے اور کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے لنگایت کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا  کہ  اگر این پی آر کی معلومات پوچھنے والا سرکاری عملہ آپ لوگوں کو این پی آر کے تعلق سے معلومات نہ دینے کی صورت میں آپ کا ووٹر شناختی کارڈ، راشن کارڈ وغیرہ منسوخ کرنے کی دھمکی دیتا ہے تو ایسی صورت میں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ بلکہ اس تعلق سے راشٹریہ لنگایت کے ریاستی سطح کی کوآرڈینیشن کمیٹی کو اس کی  شکایت کریں۔انہوں نے لنگایت سماج کے لوگوں سے اپیل کی کہ  این پی آر کے عمل میں کسی بھی طرح کا تعاون نہ کریں۔اور آئندہ سال جو مردم شماری ہونے والی ہے اس میں جو مذہب کا کالم ہوگااس کے تحت اپنے آپ کو ’لنگایت‘ ہی درج کروائیں۔


Share: